عیدالاضحیٰ سے ایک روز قبل کراچی کے شہری ہرے مسالے اور سبزیوں کی خریداری کے لیے بچت بازاروں کا رخ کر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بچت بازاروں میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں عام مارکیٹ کے مقابلے میں زیادہ فرق نہیں ہے۔
عیدالاضحیٰ میں ہرے مسالے، ادرک، لہسن، ٹماٹر اور پیاز کا جہاں زیادہ استعمال ہوتا ہے وہیں ان کی خریداری سستے داموں کرنے کےلیے بیشتر شہری بچت بازار کا رُخ کرتے ہیں۔
عید قرباں سے ایک روز قبل گلشن اقبال کے اتوار بازار کا شہریوں نے رخ کیا، جہاں ادرک 120 روپے پاؤ، لہسن 100 روپے پاؤ، پیاز بھی100 سے 120 روپے کلو،آلو 80 سے 100 روپے کلو، کچا پپیتا 100 روپے کلو جبکہ ٹماٹروں کی ڈبل سنچری ہوگئی ہے۔
شہریوں نے کہا کہ بچت بازار میں بھی سبزیوں کے ریٹس بہت ہیں، وہ عام مارکیٹ کے مقابلے میں سستی سبزیاں خریدنے کےلیے بچت بازار آئے ہیں تاہم انہیں زیادہ فرق محسوس نہیں ہوا۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ عید قرباں کے موقع پر سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیا خرورنوش کی قیمتیں کم رکھنے کےلیے حکومت کو اقدامات لینے چاہیے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔