• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عیدالاضحیٰ پر آلائشیں ٹھکانے لگانے کے انتظامات مکمل کرلیے، کراچی انتظامیہ


کراچی میں بلدیاتی اداروں نے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگانے کے لیے انتظامات مکمل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

آلائشیں ٹھکانے لگانے کے لیے سب سے بڑا آپریشن سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ 7 اضلاع میں کرے گا، دیگر ادارے بھی اس کی معاونت کریں گے۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے کراچی میں شہریوں نے لاکھوں جانور خریدے ہیں۔

انتظامیہ نے قربانی کے بعد جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگانے کےلیے بندوبست مکمل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اس پورے آپریشن کو سرانجام دینے کے لیے ڈپمرز، لوڈرز، ٹرکس، ایکسکیویٹرز اور منی ٹرک بھی کنٹر یکٹرز کے ذریعے حاصل کرلیے گئے ہیں۔

کراچی میں قربانی کے جانوروں کی 96 ہزار 782 میٹرک ٹن آلائشیں اور ایک لاکھ 56 ہزار 350 میٹرک ٹن کچرا ٹھکانے لگانے اور اس دوران شہر کی صفائی کا پلان تیار ہوگیا۔

مینجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ امتیاز علی شاہ نے کہا کہ 10 ہزار سے زیادہ افرادی قوت کے ساتھ صفائی کا کام کیا جائے گا۔

ضلع جنوبی میں 13، شرقی میں 14، ملیر میں 6، غربی میں 11، کیماڑی میں 10، کورنگی 20 اور وسطی میں 25 کلکشن پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔

ان تمام 99 کلیکشن پوائنٹس سے آلائشیں سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے مطابق 7 اضلاع میں آلائشیں پہلے کلکشن پوائنٹ منتقل کی جائیں گی، ان تمام کلکشن پوائنٹس سے آلائشیں 3 لینڈ فل سائٹس سرجانی میں جام چاکرو، نیشنل ہائے وے پر گونڈ پاس اور ملیر منتقل کی جائیں گی۔

عیدالاضحیٰ پر عوام کو ریلیف کی فراہمی ترجیح ہے، تمام زونز میں شکایتی مراکز فعال رکھے جائیں گے، شہری اپنی شکایات 1128 پر درج کراسکتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید