• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
فائل فوٹو
فائل فوٹو

ملک بھر میں نمازِ عید کے اجتماعات میں ملکی سلامتی، کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں جس کے بعد لوگوں نے جانوروں کی قربانی شروع کردی۔

ملک بھر میں نمازِ عید کے اجتماعات کے لیے سیکیورٹی کے بھی خاص انتظامات دیکھے گئے۔

کراچی کے علاقے گرومندر میں سبیل والی مسجد میں نمازِ عید کے اجتماع میں سیکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔

لاہور میں مینارِ پاکستان کے گراؤنڈ میں نمازِ عید ادا کی گئی، یہاں علامہ ابتسام الہٰی ظہیر نے نمازِ عید پڑھائی جبکہ باغِ جناح میں بھی نمازِ عید ادا کی گئی۔

راولپنڈی میں 3500 سے زائد مقامات پر نمازِ عید ادا کی گئی، عید کے اجتماعات کی سیکیورٹی کیلئے 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات تھے۔

راولپنڈی میں نمازِ عید کا سب سے بڑا اجتماع لیاقت باغ میں ہوا، مرکزی عیدگاہ شریف میں صاحبزادہ حسان حسیب الرحمٰن نے خطبہ دیا۔

بادشاہی مسجد لاہور میں نمازِ عید الاضحیٰ کی امامت مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی، یہاں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور دیگر اہم شخصیات نے نمازِ عید پڑھی۔

وہاڑی میں فیصل پارک جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گردونواح میں بھی نمازِ عید ادا کی گئی، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سب سے بڑا اجتماع جامع مسجد بلال بخشی پارک میں ہوا۔

فیصل آباد میں نمازِ عید کے 900 سے زیادہ اجتماعات ہوئے۔ سیکیورٹی کے لیے 4 ہزار 572 اہلکار تعینات تھے۔

نوشہرہ میں بھی کھلے میدانوں اور مساجد میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات ہوئے جس میں ملکی سلامتی اور خوشحالی کی دعائیں کی گئیں۔

نواب شاہ میں  مساجد، عیدگاہ و امام بارگاہوں میں نمازِ عید الاضحیٰ ادا کی گئی۔

پشاور اور شمالی وزیرستان میں بھی مختلف مقامات پر عید الاضحیٰ کی نماز ادا کی گئی جس کے بعد لوگوں نے جانوروں کی قربانی کا سلسلہ شروع کردیا۔

اٹک، چلاس، مظفرآباد اور آزاد کشمیر کے یونی کالج گراؤنڈ میں بھی نمازِ عید ادا کی گئی۔

قومی خبریں سے مزید