فیصل آباد کے ستیانہ روڈ پر گھر میں آگ لگنے سے 9 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق آگ سے جھلسنے والے 2 بہن بھائی الائیڈ اسپتال میں دم توڑ گئے، جبکہ 3 بچوں سمیت 7 زخمی زیرِ علاج ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گھر میں آگ چارجنگ پر لگے لیپ ٹاپ کی بیٹری پھٹنے سے لگی۔
آر پی او ڈاکٹر محمد عابد خان نے کہا کہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن واقعے کی تحقیقات کریں۔
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیصل آباد میں جھلسنے سے بچوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے ستیانہ روڈ کے واقعے پر سوگوار خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین طبی سہولتیں دینے کا حکم دیا ہے۔