• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پائلر کے ڈائریکٹر کرامت علی کا انتقال، آہوں اور سسیکوں میں سپرد خاک

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیبر ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (پائلر) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سینئر مزدور راہنما کامریڈ کرامت علی طویل علالت کے بعد جمعرات کو یہاں انتقال کرگئے، جنہیں سیکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں وادی حسین قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپرد خاک کردیا گیا،ان کی نماز جنازہ بعد نماز مغربین مسجد و امام بارگاہ خیر العمل میں ادا کی گئی، جس میں سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف الرحمٰن علوی، وزیر بلدیات سندھ سعید غنی، سینیٹر وقار مہدی، رکن سندھ اسمبلی عادل عسکری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) کی گورننگ باڈی کے رکن کرامت علی اپنے آخری دنوں میں صاحب فراش ہونے تک محنت کشوں کے حقوق کے حصول کی جدوجہد میں مصروف رہے۔ مرحوم کے قریبی حلقوں کے مطابق کرامت علی نےمحنت کشوں کے لیے اپنی جدوجہد کا آغاز مزدور راہنما نبی احمد مرحوم کی سر پرستی میں کیا، لیکن نبی احمد کی وفات کے بعد کرامت علی نے اپنی شناخت پائلر کی بنیاد رکھ کر بنانی شروع کی اور دیکھتے ہی دیکھتے پائلر کو وہ مقام حاصل ہوا، جو پاکستان کی کوئی اور لیبر این جی اوحاصل نہیں کرسکی۔دریں اثناء کرامت علی کے انتقال پر سینئر مزدور، صحافی، وکلاء راہنماؤں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے لیاقت علی ساہی، شفیق غوری، خالد خان، منظور احمد رضی ، حبیب الدین جنیدی، ناصر منصور، زہرا خان ، مظہر عباس اور دیگر نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے قرا ردیا کہ ان کے انتقال سے پاکستان کی ترقی پسند اور مزدور تحریک ایک عظیم رہبر اور مدبر سے محروم ہو گئی، ان کی سماج کے محکوموں اور مظلوموں کے حقوق کے لیے 6دہائیوں پر محیط جدوجہد روشنی بن کر راستہ دکھاتی رہے گی۔انہوں نے مرحوم کو خراج پیش کیا۔ علاوہ ازیں جی ڈی اے کے سیکرٹری اطلاعات اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے مزدور اور سماجی رہنما کرامت علی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاہے کہ مرحوم کرامت علی مزدور تحریک کا ہر اول دستہ تھے۔کرامت علی مرحوم کی مزدوروں کے حقوق اور سماجی انصاف کے لیے جدوجہد ناقابل فراموش ہے۔
اہم خبریں سے مزید