• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا روسی نارتھ ساؤتھ انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ کوریڈور میں شمولیت کا فیصلہ

انٹرنیشنل نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور (INSTC) کے حوالے سے روسی شہر کھنتی مانسیسک میں منعقدہ انٹرنیشنل آئی ٹی فورم — تصویر بشکریہ ایکس
انٹرنیشنل نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور (INSTC) کے حوالے سے روسی شہر کھنتی مانسیسک میں منعقدہ انٹرنیشنل آئی ٹی فورم — تصویر بشکریہ ایکس

پاکستان نے روس کے نارتھ ساؤتھ انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ کوریڈور میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا۔

روس میں پاکستان کے سفیر محمد خالد جمالی نے بتایا ہے کہ پاکستان نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے انٹرنیشنل نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور (INSTC) میں شمولیت کی دعوت قبول کر لی ہے۔

انہوں نے روسی شہر کھنتی مانسیسک میں منعقدہ انٹرنیشنل آئی ٹی فورم میں اس حوالے سے ہوئی پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔

روسی انٹرنیشنل نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور (INSTC) — تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
روسی انٹرنیشنل نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور (INSTC) — تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کو ٹرانسپورٹ کوریڈور میں شمولیت کی دعوت روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے دی تھی۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے گزشتہ سال اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں پاکستان کو شمولیت کی دعوت دی تھی۔

سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان نے اس منصوبے میں شمولیت پر رضا مندی ظاہر کی ہے، اس ضمن میں پاکستان نے بات چیت اور متعلقہ طریقہ کار پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔

پاکستان نے کامیابی سے 10 لاکھ ٹن روسی خام تیل درآمد کیا ہے، پاکستان اور روسی فیڈریشن میں زراعت میں باہم تعاون کے فروغ پر بات چیت جاری ہے۔

پاکستانی کینو کی پہلی کھیپ کو ایران اور آذربائیجان کے راستے روس پہنچایا گیا، پاکستان سی پیک کے ساتھ ساتھ شاہراہِ ریشم کو آئی ٹی سی میں استعمال کرنے پر غور کر رہا ہے۔

روسی فیڈریشن سے پاکستان کو لکڑی کی درآمد پر بھی غور کیا جا رہا ہے، پاکستانی طلباء کو روسی جامعات میں تعلیم کے مواقع کی فراہمی پر بھی کام جاری ہے، جبکہ پاکستان اور روس کے درمیان ماحولیاتی پائیداری پر بھی بات چیت جاری ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق سی پیک کی طرح روس کا انٹرنیشنل نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور گیم چینجرثابت ہو سکتا ہے، اس منصوبے سے پاکستان کے ایران اور آذربائیجان سمیت خطے کے دیگر ممالک سے تعلقات مستحکم ہوں گے۔

قومی خبریں سے مزید