• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تنقید سے جان چھڑانے کیلئے عبدالقادر پٹیل کا بابر اعظم کو مزاحیہ مشورہ

عبدالقادر پٹیل--- فائل فوٹو
عبدالقادر پٹیل--- فائل فوٹو

قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ذکر ہوگیا۔

اجلاس میں پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ایک مزاحیہ مشورہ بھی دیا۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ یہ کرکٹ ٹیم کو کیا ہوگیا بھارت سے ہار گئے، کپتان بابر اعظم کو مشورہ ہے وہ کہہ دیں ان کے خلاف سازش کی گئی۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ بابر اعظم ایک خط لہرائے اور پھر کہہ دے خط گم ہوگیا، ایسا کرنے سے جان چھوٹ جائے گی بابر اعظم کی۔

انہوں نے بعدازاں کہا کہ اس بات کو سنجیدہ نہ لیا جائے مذاق کر رہا ہوں۔

علاوہ ازیں قومی اسمبلی اجلاس میں بات کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ صدر زرداری نے سچ کہا نیب اور معیشت ساتھ نہیں چل سکتی، وہ لسٹ بھی یہاں پیش کریں جنہیں ڈرائی کلین کر کے اپنی پارٹی میں شامل کیا۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ جن کے لیے کہا گیا انہیں چپڑاسی نہیں بناؤں گا انہیں وزیر داخلہ بنایا گیا، پہلا قرض قائد اعظم کے زمانے میں لیا گیا، پھر ایسے قرضہ لیا گیا کہ ہم آئی ایم ایف کے غلام بن کر رہ گئے۔

انہوں نے کہا کہ محض جی ڈی پی کے اعداد و شمار بتانا کافی نہیں، اپوزیشن کہتی تھی کہ آئی ایم ایف کے منہ پر قرض دے ماریں گے، اس کے برعکس آئی ایم ایف کے پاس پی ٹی آئی اس دن گئی جب دروازے بند ہوگئے تھے، حالانکہ اس وقت اپنی شرائط پر قرضہ لیا جاسکتا تھا۔

عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے وزیر نے خود کہا 66 فیصد قرضہ ان کے 4 سالوں میں بڑھا، جب تک اپوزیشن میں تھے تو کہتے تھے وزراء بہت پروٹوکول لیتے ہیں، یہ اس وقت تک شریف تھے جب تک موقع نہیں ملا تھا، ایک ایک وزیر کے ساتھ 30 30 گاڑیاں ہوتی تھیں۔

قومی خبریں سے مزید