امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم کی بجٹ پر نورا کشتی جاری ہے، روٹھنے منانے کی ڈرامے بازیوں کو عوام خوب سمجھتے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ جماعتِ اسلامی نے عوام کے حقوق کے لیے قومی تحریکِ مزاحمت کا آغاز کر دیا ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی، طویل لوڈ شیڈنگ اور عوام دشمن بجٹ کے خلاف آج ملک گیر مظاہرے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ قوم مایوس ہونے کی بجائے ظالم اشرافیہ سے نجات کے لیے جماعتِ اسلامی کا ساتھ دے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب میں دفعہ 144 انگریزوں کا عطاء کردہ قانون ہے، حق کے لیے آواز کو نہیں دبایا جا سکتا، حکمرانوں نے جو کرنا ہے کر لیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بجلی کے بلوں کی صورت میں بجلی کے بموں نے عوام کی زندگی عذاب کر دی ہے، شہباز شریف عرصۂ دراز سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے جعلی اعلانات کر رہے ہیں۔