وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے سرینگر ہائی وے پر رینجرز اور پولیس کے جوانوں پر شرپسندوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں ملوث تمام شرپسندوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا ہے کہ رینجرز کے شہید جوانوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، شہید جوانوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران جانیں قربان کیں۔
انہوں نے کہا کہ رینجرز کے شہید جوانوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، حملہ آوروں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔
وزیرِ داخلہ نے رینجرز اور پولیس کے زخمی جوانوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔