• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکیم لانگوبازیاب نہیں ہوئے تو سخت احتجاج پر مجبور ہوں گے ،معتبرین لانگو قبائل

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)لانگو قبائل کے معتبرین میرعطاء اللہ لانگو ، ٹکری آغا محمد لانگو ، حاجی محمد یعقوب لانگو نے کہا ہے کہ حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے سندھ کے علاقے خان پور سے ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغواء ہونے والے عبدالحکیم لانگو کو اگر ایک ہفتے کے اندر بازیاب نہیں کیا گیا تو بلوچستان اور سندھ میں قومی شاہراہیں بلاک کرنے سمیت سخت احتجاج پرمجبور ہوں گے ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو لانگو قبائل کے معتبرین خدا بخش لانگو ، فاروق لانگو ، ٹکری یار محمد لانگو ، عبدالرزاق لانگو ، حاجی محمد یوسف لانگو ، حاجی خورشید لانگو ، صدیق لانگو اور دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ میرعطاء اللہ لانگو نے کہا کہ 24 روز قبل صوبہ سندھ کے علاقے خان پور سے ڈاکوؤں نے عبدالحکیم لانگو سمیت 2 افراد کو اغوا کرلیا جس کے خلاف علاقے کے لوگوں نے پرامن احتجاج کیا۔لیکن مغویوں کو بازیاب نہیں کرایا گیا ، جس سے خان پور کے تمام بلوچ قبائل میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے سندھ حکومت ورثاء کو صرف طفل تسلیاں دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم بلوچ قوم کی طرف سے حکومت بلوچستان اور حکومت سندھ کو پیغام دیتے ہیں کہ اگر مغوی عبدالحکیم کو ایک ہفتے کے اندر بازیاب نہیں کرایا گیا تو لانگو قبائل سخت احتجاج پر مجبور ہوں گے اور سندھ و بلوچستان کی تمام قومی شاہراہوں کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیا جائے گا ۔
کوئٹہ سے مزید