کوئٹہ (آن لائن) وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے لہڑی میں دانش اسکول کا منصوبہ رواں مالی سال کے بجٹ میں شامل رکھنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ، پاکستان مسلم لیگ کے سینیٹر میر دوستین خان ڈومکی نے گزشتہ روز وزیر اعظم سے ملاقات کی اور انہیں لہڑی میں منظور شدہ دانش اسکول کو بجٹ میں شامل نہ کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا وزیر اعظم پاکستان نے بجٹ دستاویزات میں دانش اسکول لہڑی کو شامل رکھنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے اسکول کی بوائز برانچ لہڑی جبکہ گرلز برانچ ڈیرہ بگٹی میں قائم کرنے کی منظوری دی۔ وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر میر دوستین خان ڈومکی نے بتایا کہ نگران حکومت میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی اور صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر قادر بخش بلوچ کی خصوصی دلچسپی سے وفاقی حکومت نے لہڑی سمیت بلوچستان کے تین علاقوں میں دانش اسکولوں کی منظوری دے دی تھی تاہم رواں سال مارچ کے آخر میں صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے لہڑی دانش اسکول کا منصوبہ بجٹ تجاویز سے خارج کردیا تھا جس پر علاقے کے عوام سمیت سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی اورعلم دوست شخصیات نے شدید رد عمل کا اظہار کیا تھا ، وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دانش اسکول لہڑی کا منصوبہ رواں مالی سال کے بجٹ میں بدستور شامل رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔