کراچی میں گڈاپ ٹاؤن اور سپر ہائی وے پر واقع ہاؤسنگ سوسائٹی سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ہے۔
اس حوالے سے موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا ہے کہ شدید گرمی اور بحیرۂ عرب سے آنے والی نمی کے باعث بادل بنے ہیں۔
اس سے قبل محکمۂ موسمیات نے بتایا تھا کہ کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں درجۂ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد ہونے کے باعث گرمی کی شدت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی تھی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کل منگل کو زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
آج دن میں شمال مغرب سے بلوچستان کی گرم ہوائیں چلتی رہیں گی، شام میں سمندری ہوائیں بحال ہو سکتی ہیں۔
بدھ سے کراچی کے درجۂ حرارت میں کمی کا امکان ہے، بدھ کو پارہ 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ سندھ کے بیشتر مقامات پر آئندہ 3 روز موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔
اس دوران گھوٹکی، جیکب آباد، دادو، لاڑکانہ اور شکار پور میں درجۂ حرارت 46 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
حیدر آباد، عمر کوٹ، تھر پارکر اور بدین میں درجۂ حرارت 44 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
آج شام یا رات تک تھر پارکر عمر کوٹ میں آندھی و گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔