وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمیں متبادل توانائی کے ذرائع خصوصاً شمسی توانائی کی ترویج پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ بات وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنی زیرِ صدارت پیٹرولیم ڈویژن کے امور پر ہوئے اجلاس میں کہی۔
وزیرِ اعظم نے تھرکول کے حوالے سے حکمتِ عملی تیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تھرکول پاکستان کی توانائی کی ضروریات کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تھر کول کی ملک کے دوسرے علاقوں تک رسائی کے لیے ریلوے لائن کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس میں پیٹرولیم اور گیس کے شعبوں کے حوالے سے پیش رفت اور تجاویز پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ کاربن فٹ پرنٹ کافی کم ہونے کے باوجود پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے پانچواں سب سے زیادہ متاثر ملک ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ متبادل توانائی پر مبنی مصنوعات کے فروغ کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹائیٹ گیس کی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا، تیل اور گیس پائپ لائنز سے چوری کے انسداد کے لیے اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کی جائے گی۔
شرکاء کو بریف کیا گیا کہ الیکٹرک بائیکس، گاڑیوں اور بجلی پر چلنے والی گھریلو مصنوعات کے حوالے سے پالیسی پر کام کیا جا رہا ہے، جبکہ پیٹرولیم سیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے حوالے سے تجاویز پر کام کیا جائے گا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیٹرول اور گیس کی تلاش کے عمل کو مکمل ڈیجیٹائز کیا جائے گا، پیٹرولیم اور گیس کے شعبے میں مسابقت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ مقامی سطح پر تیل اور گیس کی پیداوار میں اضافے کے لیے حکمتِ عملی ترتیب دی جا رہی ہے، بائیو فیولز کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔