• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: پارہ 39 ڈگری پر، شدت 50 درجے کی محسوس ہونے لگی

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کراچی گرم اور مرطوب موسم کی لپیٹ میں ہے، کراچی کا موجودہ درجۂ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 48 فیصد ہونے کے باعث شہر میں گرمی کی شدت 50 ڈگری کی محسوس کی جا رہی ہے۔

محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں آئندہ 3 روز کے دوران موسم گرم اور مرطوب جبکہ سندھ کے دیگر مقامات پر شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آج سے کراچی میں درجۂ حرارت میں معمولی کمی کا امکان ہے، تاہم آج زیادہ سے زیادہ پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

کراچی میں جمعرات اور جمعے کو درجۂ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ دن میں سمندری ہوائیں بحال رہیں گی۔

جمعے کو شہرِ قائد کے مضافات میں کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

آئندہ 2 سے 3 روز میں گھوٹکی، جیکب آباد، دادو، لاڑکانہ، شکار پور اور دیگر اضلاع میں دن میں درجۂ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

حیدر آباد، عمر کوٹ تھر پار کر، بدین، سجاول اور دیگر مقامات پر درجۂ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔

آج اور کل جامشورو، تھر پارکر، ٹھٹہ، بدین اور سانگھڑ میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

28 جون کو عمر کوٹ، سانگھڑ، ٹھٹہ، بدین، میر پور خاص، تھر پارکر، ٹنڈو الہٰ یار اور دیگر مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید