• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی افریقا نے آخر کار ’سیمی فائنل سے آگے نہ جانے کا‘ ریکارڈ توڑ دیا

فوٹو بشکریہ رائٹرز
فوٹو بشکریہ رائٹرز

اس بار بڑے ایونٹ کا سیمی فائنل جنوبی افریقا کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت نہیں ہوا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔

جنوبی افریقا نے پہلی بار کسی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

اس سے پہلے آئی سی سی کے کسی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا کی ٹیم سیمی فائنل سے آگے نہیں جا سکی تھی۔

آج کے سیمی فائنل سے قبل جنوبی افریقا کی ٹیم 7 آئی سی سی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کھیل چکی تھی جن میں 5 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز شامل تھے لیکن اس کو کسی بھی میچ میں کامیابی نہیں ملی تھی۔

اسی وجہ سے جنوبی افریقا کو چوکرز بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہ ٹیم ماضی میں بڑے ٹورنامنٹس میں اچھا آغاز کرتے ہوئے ٹرافی کی جانب بڑھنا تو شروع کرتی تھی لیکن ٹرافی سے چند قدم دور کوئی ایک نہ ایک میچ ہار کر یہ ایونٹ سے باہر ہوجاتی تھی۔

البتہ  جنوبی افریقا کے پاس ایک ہی انٹرنیشنل ٹائٹل ہے اور وہ چیمپئن ٹرافی ہے، 1998 میں جنوبی افریقا نے یہ ٹائٹل جیت کر پہلی مرتبہ کوئی انٹرنیشنل ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

یاد رہے کہ ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے پہلے سیمی فائنل میں افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو کہ غلط ثابت ہوا۔

افغانستان کی پوری ٹیم 11.5 اوورز میں 56 رنز بناکر آل آؤٹ ہو گئی، جنوبی افریقا نے 57 رنز کا ہدف 8.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید