• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمر اکمل نے عمران خان کے آگے ہاتھ کیوں جوڑے؟ عمر اکمل نے ملاقات کا احوال بتا دیا


قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ رہنے والے بیٹر عمر اکمل نے سینئر سابق کھلاڑی عمران خان سے 2016ء کے ورلڈ کپ کے دوران ہونے والی ملاقات کا احوال سنایا ہے۔

عمر اکمل نے گزشتہ روز آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے سلسلے میں جیو نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن ’ہارنا منع ہے‘ میں شرکت کی۔

اس دوران انہوں نے میزبان تابش ہاشمی اور شو کے شرکاء کے متعدد سوالات کے جواب دیے۔

شو کے دوران تابش ہاشمی نے عمر اکمل سے سوال کیا کہ عمران خان 2016ء کا ورلڈ کپ دیکھنے بھارت گئے تھے، اسٹیڈیم میں اُن کی آپ سے ملاقات بھی ہوئی، اس ملاقات میں آپ دونوں کے درمیان کیا بات چیت ہوئی تھی؟

اس سوال پر عمر اکمل کا بتانا تھا کہ بھارت میں آئی سی سی کا ورلڈ کپ ہو رہا تھا، یہ میرا آئی سی سی کا پہلا میچ تھا، میں عمران بھائی کے پاس ایک بات پوچھنے گیا تھا کہ بیٹنگ لائن میں میرا فلانہ فلانہ نمبر ہے، اس نمبر پر میں کیسے کھیلوں ؟ اس پریشر کے دوران میں کیسے کھیلوں ؟

عمر اکمل کا کہنا تھا کہ اس پر عمران بھائی نے مجھ سے بیٹنگ آرڈر اور کوچ کا نام پوچھا اور کہا کہ کوچ کو میرے پاس بھیجو، اس پر میں نے عمران بھائی سے کہا کہ ایسا نہ کریں، یہ ساری بات مجھ پر آجائے گی۔

بیٹر عمر اکمل کا مزید کہنا تھا کہ میں نے عمران بھائی سے درخواست کی کہ ایسا نہ کریں، میں نے آپ سے مشورہ مانگا ہے آپ مجھے صرف مشورہ دے دیں مگر عمران بھائی کی ضد تھی کہ مجھے کوچ سے ملنا ہے۔

عمر اکمل نے بتایا کہ پھر عمران بھائی اور کوچ کی ملاقات ہوئی، ان دونوں میں کیا بات ہوئی اس بات کا تو مجھے کوئی علم نہیں مگر اگلے روز عمران بھائی نے بھارتی میڈیا پر بیٹھ کر کہا کہ عمر اکمل اچھے کھلاڑی ہیں اِنہیں مڈل آرڑر نہیں بلکہ اوپر کے نمبروں پر کھیلنا چاہیے۔

عمر اکمل کا کہنا تھا کہ میں نے عمران بھائی سے صرف مشورہ لینے کے لیے بات کی تھی کہ وہ ایک لیجنڈری کھلاڑی ہیں، اس لیے اُن سے مشورہ مانگا تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید