• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: برسنے والے بادلوں کی تشکیل نہ ہو سکی، بارش اب شام یا رات میں متوقع

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کراچی کے اطراف میں اب تک بارش برسانے والے بادلوں کی تشکیل نہیں ہو سکی اس لیے دوپہر میں بارش کے حوالے سے کی گئی پیش گوئی پوری نہ ہو سکی۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ کراچی کے قریب جنوب میں موجود ہے، جس کے باعث شام میں یا رات میں شہرِ قائد میں بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شام میں یا رات میں کراچی میں ہلکی سے معتدل اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔

اس سے قبل محکمۂ موسمیات کی جانب سے آج کراچی میں دوپہر میں بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا تھا کہ آج کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں، اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختون خوا اور کشمیر کے بعض مقامات پر آندھی، تیز ہوا کے جھکڑ چلنے اور بارش کا امکان ہے۔

کراچی میں گزشتہ روز بارش کے بعد درجۂ حرارت میں کمی آئی اور موسم بہتر ہو گیا تھا، تاہم دوپہر میں حبس کی کیفیت پیدا ہو گئی اور تیز چبھنے والی دھوپ نے گھروں سے باہر نکلنے والوں کو شدید متاثر کیا۔

محکمۂ موسمیات نے شہرِ قائد میں کل کے مقابلے میں آج زیادہ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا ہے کہ ہوا کے کم دباؤ کے زیرِ اثر کراچی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں آج بارش کا امکان ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق سندھ کی ساحلی پٹی کے نزدیک موجود ہوا کے کم دباؤ کے باعث کل کے مقابلے میں آج کراچی میں بارش کے امکانات اچھے ہیں۔

انہوں نے بتایا ہے کہ کراچی کے اطراف شمال اور شمال مشرقی حصے میں گرج چمک کے بادل بن سکتے ہیں،جس سے ہلکی سے معتدل اور کہیں کہیں تیز بارش ہو سکتی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 3 روز کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا، آج اور کل کراچی میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، آج کہیں کہیں موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

کراچی میں آئندہ 3 روزکے دوران درجۂ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

آج اور کل لاڑکانہ، جیکب آباد، قمبر شہداد کوٹ، سکھر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید