کراچی سینٹرل جیل کے قیدیوں نے گریجویشن کی ڈگری حاصل کرلی، جسے سیاست سے دور مگر ملکی حالات پر کڑی نظر رکھنے والی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے خوب سراہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیپلز پارٹی کے ایم پی اے وزیر جیل خانہ جات اینڈ ورکس سروسز سندھ علی حسن زرداری نے گریجویشن کی تقریب کی چند تصاویر پوسٹ کی ہیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ کراچی سینٹرل جیل کے 248 قیدیوں نے آئی ٹی، گرافکس، چینی اور عربی سمیت مختلف زبانوں میں گریجویشن کی ڈگریز حاصل کرلی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈگریاں ایک تقریب کے دوران تقسیم کی گئیں جس میں جیل افسران نے شرکت کی، یہ تعلیمی پروگرام چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کے جیلوں کو اصلاحی پناہ گاہ میں تبدیل کرنے کے وژن کے مطابق تھا، جو این جی او کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔
بعدازاں بختاور بھٹو زرداری نے مذکورہ پوسٹ کو ری شیئر کرتے ہوئے حکومتِ سندھ اور این جی او کے مشترکہ اقدام کو خوب سراہا۔
خیال رہے کہ الخدمت کراچی کے تحت کراچی سینٹرل جیل انتظامیہ کے تعاون سے سی آئی ٹی اور لینگویج کورسز میں گریجویشن کرنے والے قیدی طلبہ کے لیے ملکی تاریخ کا پہلا کانووکیشن گزشتہ روز صبح سینٹر جیل کراچی میں منعقد کیا گیا تھا۔
کانووکیشن میں 248 قیدی طلبہ میں اسناد جبکہ سی آئی ٹی، گرافک ڈیزائننگ، انگلش اور چائنیز لینگویج کے پوزیشن ہولڈر طلبہ میں 25، 25 ہزار روپے اور تحائف تقسیم کیے گئے۔