• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے آئی ٹول نے صارف کی لکھائی نقل کر کے ریاضی کا سوال حل کر دیا

--تصویر:بین الاقوامی میڈیا
--تصویر:بین الاقوامی میڈیا

مصنوعی ذہانت کے ٹول نے ہاتھ کی تحریر نقل کر کے ریاضی کا سوال حل کر دیا، وائرل پوسٹ سے تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گوگل کے جدید اے آئی ٹول نینو بنانا پرو نے ناصرف ایک ہاتھ سے لکھا ہوا ریاضی کا سوال درست حل کیا بلکہ جواب بھی بالکل اسی ہاتھ کی لکھائی میں تحریر کیا، جیسے صارف نے لکھا تھا۔

صارف نے اپنے شیئر کیے گئے اسکرین شاٹ کے ساتھ لکھا کہ گوگل کا نینو بنانا پرو اب تک کا بہترین امیج جنریشن اے آئی ہے، میں نے اسے ہاتھ سے لکھا ہوا سوال بھیجا، اس نے ناصرف اسے صحیح حل کیا بلکہ جواب بھی میری ہی لکھائی میں لکھ دیا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ طلبہ اس ٹول کو بہت پسند کریں گے۔

نینو بنانا پرو گوگل کی جیمنائی 3 سیریز کا حصہ ہے، جس کا مقصد اے آئی کی صلاحیتوں کو نئی حدوں تک پہنچانا ہے، یہ ٹول گوگل کے متعدد پلیٹ فارمز جیسے اے آئی اسٹوڈیو اور ورٹیکس اے آئی میں دستیاب ہے۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ یہ ماڈل بہتر ریزننگ، وسیع معلومات اور حقیقی وقت کی معلومات کی بنیاد پر زیادہ درست اور معنوی تصاویر تخلیق کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پوسٹ پر صارفین کے شدید اور ملا جلا ردِعمل دیکھنے میں آئے، کچھ افراد نے اس ٹیکنالوجی کو شاندار قرار دیا، جبکہ کئی صارفین نے اس کے ممکنہ غلط استعمال پر تشویش کا اظہار کیا، کئی لوگوں نے اسے جعلی قرار دیا، مگر پوسٹ کرنے والے صارف نے اصرار کیا کہ یہ بالکل حقیقت ہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید