وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے، پینشنرز اور مزدوروں کو ریلیف دیا، بجٹ میں صحت، تعلیم، زراعت اور آئی ٹی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ کی منظوری کے بعد ملاقات کی، وزیراعظم نے وزیر خزانہ کو بجٹ 25-2024 کی منظوری پر سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بجٹ اجلاس میں حکومت، اتحادی ارکان اور حزب اختلاف سب نے بھرپور حصہ لیا، امید کرتے ہیں نیا بجٹ پاکستان کے لیے ترقی و خوشحالی میں معاون ثابت ہوگا، پوری کوشش کی موجود وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اشرافیہ اور ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لائیں گے، ایسا ممکن نہیں کہ غریب ٹیکس دے اور اشرافیہ کو ٹیکس مراعات دی جائیں، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا سفر شروع ہے، الحمداللّٰہ پاکستان کی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملک میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا، اداروں میں اصلاحات اور اداروں کی نجکاری کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔