• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیکرٹریٹ ملازمین کے برابر تنخواہ نہیں دی گئی تو احتجاج کریں گے ،تحصیلدار ایسوسی ایشن

کوئٹہ۔(اسٹاف رپورٹر) تحصیلدا ر ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر محمد نسیم کاکڑ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عملہ مال کی تنخواہوں کا مسئلہ پھر نظر انداز کیا گیا۔یہ بات واضح رہے کہ عملہ مال انتظامیہ اور حکومت کا بنیادی ستون ہے۔ ضلع میں پولیو سے لیکر قدرتی آفات تک تحصیلدار یا پٹواری فرنٹ لائن پر کام کرتا نظر آتا ہے۔ لیکن مراعات تقسیم کرنے کی باری آتی ہے تو سیکرٹریٹ کے ملازمین کو ترجیح دی جاتی ہے۔ ہماری تنخواہوں کو سیکرٹریٹ کے ملازمین کے برابر نا کیا گیا تو اپنے حقوق کے لئے احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑے گا۔ تحصیلدار ایسوسیشن کے صدر محمد نسیم کاکڑ نے کہا کہ تحصیلدار اور پٹواریوں کے مسائل سنجیدگی سے حل کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ بلوچستان متعلقہ محکموں سے جواب طلب کرے کہ ایک صوبے کے ملازمین کی مراعات میں فرق کیوں ۔ اضافی تنخواہ صرف سیکرٹریٹ ، وزیراعلی اور گورنر سیکٹریٹ کے ملازمین کے لئے ہی کیوں۔ آخر وہ کونسا کام ہے جو وہ کر رہے ہیں اور تحصیل نہیں کر پا رہا ۔ محمد نسیم کاکڑ نے کہا کہ محکمہ مال کمپیوٹرائزیشن کی باتیں تو کررہا ہے لیکن آج تک تحصیلداروں کی رہائش اور گاڑیوں کا مسئلہ حل نہ کرسکی۔ جبکہ انتظامیہ قدرتی آفات کے وقت انہیں تحصیلداروں اور پٹواریوں کے مرون منت ہوتے ہیں۔ جو کرایوں پر گاڑیاں لیکر فرائض منصبی سرانجام دیتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے مودبانہ درخواست کی ہے کہ ہمارے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنے کے لئے احکامات جاری کیے جائیں۔
کوئٹہ سے مزید