• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فائرنگ کے تبادلے میں موٹرسائیکل چھیننے والے گروہ کے2کارندے گرفتار

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) نیو سریاب پولیس نے فائرنگ کے تبادلے میں موٹرسائیکل چھیننے والے گروہ کے دو کارندوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے چھینی گئی موٹرسائیکل اور اسلحہ قبضے میں لے لیا جبکہ گروہ کا سرغنہ فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق سریاب روڈ کا رہائشی عطاءاللہ گزشتہ شب موٹرسائیکل پر گھر جا رہا تھا کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار تین مسلح افراد اس سے موٹرسائیکل چھن کر فرار ہو گئے، عطااللہ نے فوری طور پر پولیس کو آگاہ کیا جس پر ڈی ایس پی شالکوٹ سرکل عابد بخاری ، ایس ایچ او نیو سریاب خیر محمد نے دیگر عملے کےہمراہ کلی زرین کے قریب ناکہ بندی کر دی، اسی دوران دو موٹرسائیکل پر سوار تین افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم موٹرسائیکل سواروں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو ملزمان گل محمد اور شہزاد زخمی ہو گئے جنہیں گرفتار کر کے چھینی گئی موٹرسائیکل اور دو ٹی ٹی قبضے میں لے لیں جبکہ تیسرا ساتھی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا، پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ چھینی گئی موٹرسائیکل مستونگ لے جا رہے تھے، فرار ہونے والا ان کے گروہ کا سرغنہ بشیر ہے۔ ملزمان نے درجنوں موٹرسائیکلیں چھیننے اور چوری کا اعتراف بھی کیا ہے۔ پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے جبکہ تیسرے ساتھی کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔
کوئٹہ سے مزید