کوئٹہ(پ ر)کوئٹہ سٹی الائنس کور کمیٹی کا اجلاس سینئر صحافی رضا الرحمٰن کی صدارت میں ہوا ۔ اجلاس میں کوئٹہ کے ترقیاتی کام اور دیگر امور پر بحث کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کی ترقی اور خوشحالی کے لئے تمام ارکان کو سیاسی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھ کر مل کر کام کرنا ہوگا۔ ہمیں شہر کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی وضع کرنی ہوگی۔اجلاس میں ترقیاتی کاموں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ارکان نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی سڑکوں کی حالت بہتر بنائی جائے اور عوام کو ٹریفک کی مشکلات سے نجات دلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صحت و صفائی کے انتظامات اور سرکاری سکولوں کی حالت بہتر بنائی جائے ۔اجلاس میں پانی کی فراہمی اور بجلی کے مسائل پر بھی تفصیل سے بات کی گئی۔اجلاس میں چوہدری نعیم کریم ، عبدالصمد مینگل، الطاف گجر، ساحرا عوان ، شاہ زمان غلزئی، جاوید اعوان، آغا زین الدین و دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کوئٹہ کی ترقی کے حوالے سے متعدد تجاویز پیش کیں اور اس بات پر زور دیا کہ شہر کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔ رضا الرحمٰن نے تمام ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تجاویز اور خیالات کو مدنظر رکھتے ہوئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کوئٹہ کی ترقی کے لئے تمام شہریوں کا تعاون ضروری ہے اور مل جل کر کام کرنے سے ہی ہم اپنے مقاصد حاصل کر سکتے ہیں۔اجلاس کے اختتام پر تمام ممبران نے سیاسی وابستگی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کوئٹہ کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بھرپور تعاون کا عہد کیا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر ایک آئین ساز اور منشور کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے کنوینر شاہ زمان خان غلزئی کو مقرر کیا گیا۔ کمیٹی ارکان میں محمد علی پراچہ، نادر زمرد، آغا زین شاہ تنویر خان یوسف زئی، ساحر علی اعوان اور الطاف گجر شامل ہیں۔