• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی کا اضافی بجلی بلوں کےخلاف دھرنے کا اعلان


امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے بجلی کے اضافی بلوں کیخلاف 12 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کردیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرکے کہا کہ قوم کو ریلیف دیں، اس سے پہلے عوام بپھر جائیں۔

منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں نے مل کر معیشت کا بیڑا غرق کیا، جو ہم پر مسلط ہیں وہ سُن لیں کہ اب انہیں ریلیف دینا پڑے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ اگر اسلام آباد میں داخلے سے روکا گیا تو ہمارے پاس پلان بی اور سی موجود ہے، ہمارا اتحاد کسی سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں عوام کے ساتھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد جلاؤ، گھیراؤ یا گولی کےلیے نہیں بلکہ اپنا حق لینے جارہے ہیں، حکومتیں دفعہ 144 لگاتی رہی ہیں، جماعت اسلامی اس کےلیے تیار ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم کو مخاطب کرکے کہا کہ شہباز شریف صاحب قوم کو ریلیف دیں اس سے پہلے کہ قوم بپھر جائے اور جانے کا راستہ بھی نہ ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں دھرنے پر بیٹھیں گے تو اٹھنے کی صرف ایک شرط ہوگئی، عوام کو ریلیف دیا جائے۔

امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ مولانافضل الرحمن چاہتے ہیں کہ نئے الیکشن پر نئی ڈیل ہو، جب فارم 45 ہے تو الیکشن کیوں کروائیں، فراڈ کے نتیجے میں ریزرو اور خیراتی سیٹوں کو کیسے قبول کریں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں آئی ایم ایف راضی نہیں ہوا، گیس، بجلی، پیٹرول کی قیمت تو بڑھا دی اب یہ سلسلہ نہیں رکے گا، آٹے چینی دال پر ٹیکس لگاکر وزیر اعظم کہتے مہنگائی کم ہوگئی ہے۔

قومی خبریں سے مزید