داؤدی بوہرہ برادری کے رہبر سیدنا مفضل سیف الدین نے اسلامی سال 1446 ہجری کے آغاز پر عشرہ مبارکہ کےلیے کراچی کو منتخب کیا ہے۔
حکومت پاکستان اور پاکستان کی داؤدی بوہرہ برادری نے سیدنا مفضل سیف الدین کو عشرہ مبارکہ کےلیے پاکستان آنے کی دعوت دی تھی۔
عشرہ مبارکہ وہ 10 ایام ہیں جن میں حضرت محمد مصطفیٰﷺ، ان کے نواسے امام حسینؑ، ان کے خاندان اور ساتھیوں کی یاد منائی جاتی ہے۔
تقریبات کی تیاریوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کراچی داؤدی بوہرہ برادری کے میڈیا کوآرڈینیٹر شبیر ہریانہ والا نے کہا کہ ’عشرہ مبارکہ کے دوران پاکستان اور بیرون ملک سے 80 ہزار سے زائد داؤدی بوہرہ افراد کی شرکت متوقع ہے۔‘
میڈیا کوآرڈینیٹر شبیر ہریانہ والا کے مطابق ’حکومتی اداروں اور مقامی تنظیموں بشمول ہمسایوں کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے تاکہ ہمارے مہمانوں کا کراچی میں قیام کے دوران بہترین انداز میں خیال رکھا جا سکے۔ ہمارا مقصد تمام شرکاء کے لیے ایک خوش آئند اور آرام دہ ماحول فراہم کرنا ہے۔‘
اس سے قبل سیدنا مفضل سیف الدین نے کراچی میں 2017 میں عشرہ مبارکہ منعقد کیے تھے۔