• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولاکوٹ جیل سے فرار 19 میں سے 2 قیدی گرفتار

ڈسٹر کٹ جیل راولاکوٹ—فائل فوٹو
ڈسٹر کٹ جیل راولاکوٹ—فائل فوٹو

آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ کی ڈسٹر کٹ جیل راولاکوٹ سے فرار ہونے والے 19 قیدیوں میں سے 2 قیدی گرفتار کر لیے گئے۔

پولیس کے مطابق دونوں مفرور قیدیوں عثمان اور فیضان کو جنگل سے آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا، آپریشن کے دوران 3 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

گرفتار کیے گئے دونوں قیدیوں کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔

واضح رہے کہ 30 جون کو آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ کی ڈسٹر کٹ جیل راولاکوٹ توڑ دی گئی، بھارت کو مطلوب سمیت 20 قیدی فرار ہوئے تھے جن میں سے 1 ہلاک ہو گیا تھا۔

واقعے کے بعد راولا کوٹ جیل کے عملے کو معطل کر دیا گیا تھا، 3 اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا تھا اور جیل کا انتظام پولیس نے سنبھال لیا تھا۔

راولاکوٹ جیل میں قیدیوں کے فرار کا واقعہ اتوار 30 جون کو دن 2 سے ڈھائی بجے کے دوران پیش آیا تھا جب ایک قیدی نے مرکزی دروازے پر موجود سنتری کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنایا اور باقی قیدی نکل بھاگے۔

جیل اہلکاروں کو چکمہ دے کر فرار ہو جانے والے 19 قیدیوں میں دہشت گردی، قتل اور اقدامِ قتل کے مجرم شامل ہیں۔

فائرنگ سے ایک قیدی زخمی ہو گیا جو اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا، فرار ہونے والے قیدیوں میں سزائے موت کے 5 قیدی بھی شامل تھے۔

پولیس نے فرار 19 قیدیوں کی تلاش کے لیے ضلع بھر کی ناکہ بندی اور سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی تھی۔

فرار قیدیوں کے سربراہ سے متعلق انکشافات

فرار قیدیوں کے سربراہ غازی شہزاد گڑالہ پلندری کا رہائشی تھے، جنہیں کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کیا تھا۔

یاد رہے کہ غازی شہزاد آزاد کشمیر کے ضلع سدھنوتی کے شہر پلندری کے نواحی علاقے گڑالہ کے رہائشی ہیں، وہ کچھ عرصہ پاک آرمی میں بھی سروس کر چکے ہیں، بعد ازاں وہ ایک عسکری تنظیم میں شامل ہوئے اور انہوں نے مختلف کارروائیوں میں حصہ لیا، کچھ عرصہ جیل میں رہے اور گزشتہ عام انتخابات میں انہوں نے یونائیٹڈ موومنٹ کے ٹکٹ سے پلندری شہر کے حلقے سے الیکشن لڑا۔

چند ماہ قبل غازی شہزاد نے پلندری میں ایک پریس کانفرنس کر کے یہ اعلان کیا تھا کہ ان کی تنظیم پلندری میں ایک تربیتی کیمپ بنانے کا فیصلہ کر چکی ہے، جس کا مقصد آزادیٔ کشمیر کے لیے تحریک چلانا، نوجوانوں کو تربیت دینا غیر ریاستی جماعتوں کی سرگرمیاں محدود کرنا اور جن لوگوں نے لوٹ مار کی ان کا محاسبہ کرنا شامل ہے۔

مفرور قیدیوں کی گرفتاری پر انعام

فرار 19 قیدیوں کی گرفتاری کے لیے آزاد کشمیر حکومت نے انعام مقرر کر رکھا ہے۔

رواں برس 30 مئی کو محکمۂ داخلہ نے ہائی کورٹ کو خط لکھ کر کہا تھا کہ جیل سنگین نوعیت کے مقدمات والے قیدیوں کے لیے محفوظ نہیں۔

قومی خبریں سے مزید