• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی گروپ نے شیل پاکستان کے 77.42 فیصد شیئر ہولڈنگ اور کنٹرول حاصل کرلیا

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سعودی گروپ ایساد ہولڈنگ نے متحدہ عرب امارات میں قائم وافی انرجی ہولڈنگ لمیٹڈ کے ذریعے شیل پاکستان لمیٹڈ کے 77.42 فیصد شیئر ہولڈنگ اور کنٹرول حاصل کر لیا۔ کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے سیکشن 11 کے تحت حصول کی منظوری دے دی ہے۔ اس طرح پاکستان میں خوردہ تیل کے شعبے کو فروغ دینے کے لئے مذکورہ لین دین کو مستحکم کیا گیا ہے۔ شیل پاکستان لمیٹڈ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں لِسٹِڈ ہے اور پاکستان میں موٹر ایندھن اور لوبریکینٹس کی ریٹیل سپلائی کا کام کر رہی ہے۔ جبکہ وافی انرجی ایل ایل سی، اسیاد ہولڈنگ گروپ کی ذیلی کمپنی ہے جو سعودی عرب میں فیول سٹیشنوں کے انتظام اور آپریشن میں مہارت رکھتا ہے۔ گروپ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مقاصد کے لئے وافی انرجی ہولڈنگ لمیٹڈ قائم کی ہے۔ سی سی پی کے فیز 1 جائزے نے ’’ریٹیل فیول، گاڑیوں کے لوبریکینٹس اور صنعتی لوبریکینٹس‘‘ کو متعلقہ پراڈکٹ مارکیٹ کے طور پر شناخت کیا ہے۔ سی سی پی کے جائزے سے یہ بات سامنے آئی کہ شیل پاکستان کے تینوں متعلقہ مارکیٹوں میں الگ الگ حصص ہیں لیکن مجوزہ ٹرانزیکشن کے بعد ان مارکیٹوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور نہ ہی وافی انرجی ہولڈنگ لمیٹڈ کے متعلقہ مارکیٹوں میں بالا دست ہونے کا باعث بنے گی۔ چیئرمین سی سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے آرڈر پر دستخط کرتے ہوئے کہا کہ اس پیشرفت سے ریٹیل فیول سپلائی چین میں خدمات کے معیار اور کمپٹیشن کو فروغ دینے کی امید ہے اور یہ پاکستانی مارکیٹوں کو پھلنے پھولنے میں مدد دے گی۔

اہم خبریں سے مزید