پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد میں جلسے کا اجازت نامہ معطل کرنے کی وجہ سامنے آگئی۔
جلسے کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کا آرڈر چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی طرف سے جاری کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مقامی افراد کی شکایت اور سیکیورٹی اداروں کی رپورٹ پر جلسے کا نوٹیفکیشن معطل کیا گیا۔
پولیس نمائندگان نے تصدیق کی ہے کہ 3 جولائی کو بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود برآمد ہوا، سنگجانی اور ترنول کے علاقوں میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن تاحال جاری ہے، انٹیلی جنس ایجنسیز کے نمائندگان کے مطابق محرم میں سیکیورٹی خطرات کا سامنا ہے۔
اس حوالے سے چیف کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں 3 جولائی 2024ء کو ہتھیاروں کا ذخیرہ ملا ہے، محرم کے باعث جلسہ محفوظ بنانے کے لیے سیکیورٹی اداروں کی افرادی قوت دستیاب نہیں۔
چیف کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ سیکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے سیکیورٹی الرٹ جاری کیے گئے، سیکیورٹی الرٹ کے مطابق محرم کے دوران دہشت گرد کارروائیوں کے خطرات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترنول کا علاقہ گنجان آباد ہے اور ہوائی اڈے، جی ٹی روڈ اور موٹر وے تک رسائی کا اہم مقام ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کا اجازت نامہ (این او سی) معطل کر دیا تھا۔