پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنے کےلیے مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کی مکمل حمایت کی جانی چاہیے۔
مری میں ن لیگ کے سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر عرفان صدیقی سے ملاقات میں نواز شریف نے کہا کہ عدم استحکام پیدا کرنے اور بیرون ملک پاکستان کو بدنام کرنے والے عناصر کو جمہوریت سے دلچسپی نہیں ہے۔
نواز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ 7 سال پہلے جن مسائل پر قابو پا لیا گیا تھا وہ پھر سنگین بحران بن چکے ہیں۔
صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف آل پارٹیز کانفرنس میں تمام سیاسی جماعتوں کو آپریشن عزمِ استحکام پر اعتماد میں لیں گے، کانفرنس میں تحریک انصاف بھی شریک ہوگی۔