وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے پروٹیکٹیڈ صارفین کی زائد بلنگ کی شکایات کا نوٹس لے لیا۔
اس حوالے سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق محسن نقوی نے اوور بلنگ کرنے والے افسران اور عملے کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے ایف آئی اے کے ڈائریکٹرز کو احکامات جاری کر دیے ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین سے ہوئی ناانصافی کا ازالہ کیا جائے، پروٹیکٹیڈ صارفین کو جان بوجھ کر نان پروٹیکٹیڈ کیٹیگری میں ڈالنا مجرمانہ فعل ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا ہے کہ ایف آئی اے صورتِ حال کا جائزہ لے اور بلا امتیاز ذمے داروں کے خلاف ایکشن لے، پروٹیکٹیڈ صارفین کو نان پروٹیکٹیڈ صارفین کی فہرست میں ڈالنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا ہے کہ اوور بلنگ سے پروٹیکٹڈ کیٹیگری بدلنے سے صارفین پر کروڑوں روپے کا اضافی بوجھ پڑا، مشکلات کا شکار پروٹیکٹیڈ صارفین کی مشکلات اوور بلنگ سے مزید بڑھ گئی ہیں۔
دوسری جانب نیپرا، ایف بی آر اور ایف آئی اے نے لیسکو ذمہ داران کے خلاف انکوائری کا آغاز کردیا ہے۔
لیسکو ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطح کی کمیٹی اور لیسکو انتظامیہ ذمہ داران کا تعین کرے گی اور وزیراعظم آفس کو ذمہ داران کیخلاف کارروائی کی رپورٹ بھجوائی جائے گی۔
لیسکو ذرائع کے مطابق پروٹیکٹیڈ صارفین پر اوور بلنگ کی رپورٹ کل شام تک مرتب کرلی جائے گی اور جن صارفین کو اضافی بل بھجوائے گئے انہیں رقم واپس کی جائے گی۔