• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دارالحکومت کے 3 حلقوں سے متعلق سماعت کل

اسلام آباد کے 3 حلقوں سے متعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) امیدواروں کی پٹیشنز پر اسلام آباد ہائی کورٹ (آئی ایچ سی) میں سماعت کل ہوگی۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری درخواستوں پر سماعت کریں گے، رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن ٹریبونل میں سماعت کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا سرکلر جاری کر دیا۔

سرکلر میں اسلام آباد انتظامیہ اور آئی جی پولیس کو انتظامی و سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سرکلر کے مطابق کمرہ عدالت نمبر 4 کی استعداد کو ملحوظ رکھتے ہوئے عدالت میں داخلہ انٹری پاس سے مشروط ہوگا۔

درخواست گزاران کے 25 وکلاء کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہوگی، اٹارنی جنرل آفس، ایڈووکیٹ جنرل آفس کی جانب سے صرف ایک، ایک لا افسران کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے 30 صحافیوں کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

تمام فریقین عدالتی کارروائی کےلیے اپنے منتخب افراد کی فہرست رجسٹرار آفس میں جمع کروائیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے ملازمین و اہلکار اپنا محکمانہ کارڈ دکھا کر اسلام آباد ہائیکورٹ میں داخل ہوسکیں گے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی امیدوار عامر مغل، علی بخاری اور شعیب شاہین نے مبینہ دھاندلی پر الیکشن ٹربیونل سے رجوع کر رکھا ہے۔

قومی خبریں سے مزید