کراچی میں واقع پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں آج صبح آگ لگ گئی جس پر فائر بریگیڈ کے عملے نے کافی جدوجہد کے بعد قابو پا لیا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کراچی کی مصروف شاہراہ آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع اسٹاک ایکسچینج کی چوتھی منزل پر آگ لگی تھی۔
فائر بریگیڈ حکام نے بتایا ہے کہ 5 فائر ٹینڈرز، واٹر باؤزر اور اسنارکل نے آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لیا۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، کولنگ کا عمل جاری ہے۔
ایدھی اور دیگر رضا کار اداروں کی جانب سے بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا گیا۔
آگ پر قابو پانے کے بعد اسٹاک ایکسچینج کو عوامی داخلے کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
ڈی سی ساؤتھ الطاف ساریو نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں بتایا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی چوتھی منزل پر آگ لگی تھی، واقعے کے تھوڑی دیر بعد فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 2 دفاتر متاثر ہوئے ہیں، کولنگ کا عمل ختم ہونے کے بعد واقعے کی مکمل انکوائری کی جائے گی۔
فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ اور اس سے ہوئے نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
واضح رہے کہ ہفتہ وار دو روزہ تعطیل کے بعد آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا پہلا روز ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز صبح ساڑھے 9 بجے ہوتا ہے۔