کراچی میں گہرے سیاہ بادل چھا گئے، مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ مون سون کی بارش کا آغاز ہو گیا۔
سرجانی ٹاؤن کے علاوہ نیو کراچی، نارتھ کراچی میں آسمان پر کالے بادل موجود ہیں اور گرد آلود تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔
کراچی کے علاقوں گلشنِ حدید، ملیر میمن گوٹھ، گلشنِ معمار، سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آبادسمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش شروع ہو گئی۔
آئی آئی چندریگر روڈ، صدر اور اولڈ سٹی ایریا میں بوندا باندی جاری ہے۔
اس سے قبل آج صبح چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے پیش گوئی کی تھی کہ کراچی میں آج مون سون کی پہلی بارش ہو سکتی ہے۔
’جیو نیوز‘ سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ کراچی میں زیادہ تر ہلکی بارش کا امکان ہے، تاہم کہیں کہیں معتدل شدت کی بارش بھی ہو سکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی سمیت سندھ میں 20 جولائی تک تیز بارش کا کوئی اسپیل نظر نہیں آ رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں جولائی کے آخری دنوں اور اگست میں تیز بارشیں ہو سکتی ہیں، ہوا کے کم دباؤ کے باعث کراچی میں سمندری ہواؤں کی رفتار میں کمی آئی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا تجم کہ آئندہ 2 سے 3 روز کراچی میں گرمی کی شدت زائد محسوس کی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی میں ایک بار پھر جون کی طرح حبس اور گرمی کی شدت بڑھ گئی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا تھا کہ پہلے جولائی کے پہلے ہفتے کے بعد موسم کافی بہتر ہوجاتا تھا، تاہم اب ہر سال گرمی کی شدت میں مزید اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔