یوکرینی خاتون ٹینس کھلاڑی ایلینا سویٹولینا روس کے کیے گئے حملوں پر رو پڑیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق 29 سالہ ایلینا سویٹولینا چین کی وانگ ژینیو کو شکست دے کر ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔
یوکرین میں روسی حملے کے خلاف اور اس میں ہونے والے جانی نقصان پر غم کے اظہار کے طور پر ایلینا سویٹولینا نے سفید لباس پر سیاہ ربن پہن کر چینی کھلاڑی کے خلاف میچ کھیلا۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ایلینا سویٹولینا اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور رو پڑیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن میری زندگی کے سب سے مشکل میچوں میں سے ایک تھا، میچ پر توجہ مرکوز کرنا آسان نہیں تھا، مجھے خوشی ہے کہ میں آج کھیل سکی اور جیت گئی۔
ایلینا سویٹولینا کا کہنا تھا کہ صبح جاگنے کے بعد یوکرین پر روسی حملوں کی خبر دیکھ کر اپنے کمرے سے نکلنا نہیں چاہتی تھی، بہت سے لوگ ملک نہیں چھوڑ سکتے۔، بہت سے لوگ جنگ میں شامل ہیں اور بہت سے لوگ لڑ رہے ہیں۔
اس موقع پر ٹینس کورٹ میں موجود لوگوں نے بھی یوکرینی کھلاڑی کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت دیگر شہروں میں روس نے میزائل حملے کیے تھے۔
یوکرینی حکام کے مطابق روسی حملوں میں 29 شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔