بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ضلعی انتظامیہ نے”شانِ بہاولپور“ کے نام سے سالانہ ایوارڈ کا سلسلہ شروع کر نے کا فیصلہ کیا ہے جو زندگی کے مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دینے والے بہاولپور ضلع کے افرادکو ان کی خدمات کے اعتراف میں دئیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں پہلی تقریب رواں سال 14اگست کو ہو گی۔ ایوارڈ کیلئے نا مزدگی چاررکنی کمیٹی کرے گی جس کے چیئر مین حبیب اللہ بھٹہ اور سیکرٹری محمد طیب ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیو من ریسورس مینجمنٹ جبکہ دیگر ممبران میں پروفیسر ڈاکٹر شاہد حسن رضوی، ڈاکٹر نصراللہ خان ناصر شامل ہیں۔یہ بات ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر ڈاکٹر احتشام انور مہار نے بتائی۔انہوں نے کہا کہ ”شانِ بہاولپور“ ایوارڈ کھیل، ادب، فنون لطیفہ، سائنس، لوک ورثہ، ثقافت، تعلیم و تدریس، صحت، زراعت اور دیگر شعبہ جات میں کار ہائے نمایاں انجام دینے والوں کو دیا جائے گا، اس سلسلہ میں بہاولپور کے شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی تجاویز یا نامزدگیاں کمیٹی کے اراکین کو براہ راست یا ڈی سی او آفس میں 31جولائی تک بھجوائیں۔