• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدت میں نکاح کیس، خاور مانیکا کے وکیل نے عدالت میں 2 درخواستیں دائر کردیں

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں عدت میں نکاح کیس میں خاور مانیکا کے وکیل نے 2 درخواستیں دائر کردیں۔

خاور مانیکا کے وکیل نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور بشریٰ بی بی کی عدت میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں کے معاملے میں دائر کی ہیں۔

وکیل زاہد آصف نے جج افضل مجوکہ کی عدالت میں ایک درخواست میڈیکل بورڈ کے ذریعے میڈیکل رائے لینے کےلیے دائر کی گئی ہے۔

دوسری درخواست عدت کے معاملے پر اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے سے متعلق ہے، اس معاملے میں فیڈرل شریعت کورٹ اور اسلامی اسکالرز کی رائے لینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ملزمہ کےوکیل نے عدت کا دورانیہ 39 دن کہا لیکن اس کی وجہ بیان نہیں کی۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ عدت کا تعین کرنے کا ذریعہ اسلامی شریعہ اور پاکستانی قانون ہے، عدت کے معاملے کی اپنے طور پر تشریح ممکن نہیں۔

جج افضل مجوکہ نے خاور مانیکا کے وکیل کی درخواستوں پر فریقین کو نوٹسز جاری کردیے، جن پر سماعت 11 جولائی کو ہوگی۔

قومی خبریں سے مزید