سعودی دارالحکومت ریاض سے پشاور پہنچے والے غیرملکی طیارے میں آتشزدگی کے باعث بند پشاور ایئرپورٹ کا رن وے 11 گھنٹے بعد رات گئے بحال کردیا گیا۔
حادثے کے باعث پی آئی اے کے دو طیارے 12 گھنٹے تک پشاور ایئرپورٹ پر پھنسے رہے جبکہ کئی پروازیں منسوخ اور کئی پروازوں کو متبادل ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق غیرملکی ایئرلائن کی پرواز ایس وی 792 کی پشاور میں لینڈنگ کے دوران آتشزدگی سے ایئربس اے 330 طیارہ کے لینڈنگ گیئر کو شدید نقصان پہنچا۔
حادثے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے رن وے کو جمعہ کی صبح تک بند رکھنے کا نوٹم جاری کردیا۔
حادثے سے قبل پشاور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے دو ایئربس اے 320 طیارے موجود تھے۔ جن میں سے طیارہ پرواز پی کے 284 کے طور پر دبئی جبکہ دوسرا پرواز پی کے 218 کے طور پر ابوظبی سے پشاور پہنچا تھا۔ دونوں طیارے پشاور سے ابوظبی اور دوحہ کی پروازوں کیلئے روانہ ہونے تھے مگر حادثے کے باعث رن وے بند ہوا تو دونوں پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔
ائیر ایکسیڈینٹ انویسٹی گیشن بورڈ (اے اے آئی بی) کی ٹیم کے معائنہ کے بعد طیارے کو رات 8 بجے رن وے کے قریب سے ہٹادیا گیا تھا۔ جس کے بعد جدہ سے پرواز ای آر 852 کو پشاور ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔
قبل ازیں حادثے کے باعث پشاور کیلئے کراچی سے پرواز ایف جے 865، بحرین سے پرواز جی ایف 786 اور یہ پروازیں وہیں سے آپریٹ کی گئیں۔ کراچی سے پرواز ای ار 554، جی ایف 787، ایس وی 793 کو منسوخ کردیا گیا۔