• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان شاہینز آسٹریلیا کے دورے پر روانہ، ٹیم براستہ دبئی برسبین پہنچے گی

کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان شاہینز ہفتے کوعلی الصباح آسٹریلیا کے دورے پر روانہ ہونگے۔ٹیم براستہ دبئی برسبین پہنچے گی جہاں سے وہ ڈارون روانہ ہوگی۔ دورہ آسٹریلیا میں بنگلہ دیش اے کے خلاف دو چار روزہ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان شاہینز کی کپتانی صاحبزادہ فرحان کریں گے۔صاحبزادہ فرحان پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔دو چار روزہ میچوں کی سیریز کے لیے 15 رکنی پاکستان شاہینز کے اسکواڈ میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ بولر حنین شاہ انجری کے باعث دورہ آسٹریلیا سے باہر ہوگئے، ان کی جگہ اسپنر فیصل اکرم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے،پاکستان کے ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر ڈارون جائیں گے۔ وہ 29 جولائی کو بنگلہ دیش اے کے خلاف دوسرے چار روزہ میچ کے بعد اگست کے پہلے ہفتے میں پاکستان واپس آجائیں گے یہاں انہیں بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں اپنی ذمہ داری سنبھالنی ہے۔پاکستان شاہینز کے دستے میں صاحبزادہ فرحان(کپتان) حسیب اللہ ، فیصل اکرم، محمد عرفان خان ، محمد علی، کامران غلام، کاشف علی، خرم شہزاد، مہران ممتاز، محمد حریرہ، مبصر خان، عمیر بن یوسف، شاہنواز دھانی، طیب طاہر اور عمر امین شامل ہیں، دریں اثناء روانگی سے قبل جمعے کو نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان شاہینز ریڈ بال ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے کہا دورہ آسٹریلیا میں بنگلا دیش اے کے خلاف اچھی کارکردگی کیلئے بہت پر امید ہیں، قیادت کی ذمہ داری پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ جیسن گلسپی کی نگرانی میں کیمپ میں تربیت سے فائدہ ہوا،انہوں نے شکوہ کیا کہ 10 سال سے بطور اوپنر کھیل رہا ہوں تاہم مناسب مواقع نہیں دیئے جارہے۔

اسپورٹس سے مزید