سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عدالت کے 11 ججز نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو چارج شیٹ کیا ہے۔
جہلم سے جاری بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ اگلے 45 دن حکومت کےلیے بہت اہم ہیں، وزراء پریشان ہیں، مخصوص سیٹیں پی ٹی آئی کو نہیں تو کسے دے دیں؟
انہوں نے کہا کہ وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے نہ عدالتی کارروائی سنی اور نہ ہی اٹارنی جنرل نے درست بریف کیا۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پچھلی چار سماعتوں کے دوران سیٹیں کس کو ملنی ہیں، یہی مدعا رہا، نشستیں پی ٹی آئی کو ملنی چاہئیں، 5-8 کا نہیں 2-11 کا فیصلہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصلے میں 11 ججز نے الیکشن کمیشن کو چارج شیٹ کیا ہے، ای سی پی نے سارا انتخابی عمل ہی مشکوک کردیا ہے۔ عدالتی فیصلے کے بعد مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ الیکشن کمشنر مستعفی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سب کی نظریں جسٹس عالیہ نیلم پر ہیں کہ ٹربیونل 4 ججز تبدیل کرتی ہیں یا نہیں؟ الیکشن ٹربیونلز کے 4 ججز کو نہ ہٹایا گیا تو اگلی سماعتیں معمول کےمطابق ہوں گی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اسمبلی میں اکثریت کےلیے پی ٹی آئی کو 30 سے 35 سیٹیں درکار ہیں، اگلے 45 دن حکومت کے لیے اہم ہیں۔