کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک مصلح الدین مینگل کے فارم ہائوس پر گزشتہ روز اجلاس منعقد ہوا کارکنوں نے اتحادی حکومت کی کارکردگی اور یکطرفہ فیصلوں پر مایوسی کا اظہار کیا ۔اس موقع پر ملک مصلح الدین نے کہا کہ حکومت نے پی ایس ڈی پی میں سریاب کو نظر انداز کردیا اورپی ایس ڈی پی میں عوامی فلاح بہبود کا کوئی منصوبہ شامل نہیں کیا گیا، جہاں بنیادی ضروریات زندگی کا فقدان ہے، تعلیم اور صحت کے حوالے سے روز اول سے ہر حکومت نے سریاب پر کوئی توجہ نہیں دی ۔میر نیچاری بلوچ نے کہا کہ سریاب مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے حالیہ انتخابات میں عوام نے سریاب میں مسلم لیگ کو بڑے مارجن سے جتوایا لیکن عوام کی امنگوں کے خلاف فیصلہ سنایا گیا ملک مصلح الدین مینگل نے سریاب میں ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ۔اجلاس میں پارٹی کی مرکزی قیادت میاں نواز شریف ،وزیراعظم میاں شہباز شریف اور صوبائی قیادت سے اتحادی حکومت کی نا انصافیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔