• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توشہ خانہ کا نیا ریفرنس: بانیٔ پی ٹی آئی و بشریٰ بی بی کا 8، 8 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

احتساب عدالت نے توشہ خانے کے نئے ریفرنس میں بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔

آج صبح بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے ریمانڈ کے لیے نیب ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔

احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں سماعت کرتے ہوئے بانیٔ پی ٹی آئی و بشریٰ بی بی کا 8، 8 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔

عدالت نے نیب کو دونوں ملزمان سے تفتیش اڈیالہ جیل میں کرنے کی ہدایت کی اور انہیں 22 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

بعدازاں بانی پی ٹی آئی کے وکیل ظہیر عباس چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی، احتساب عدالت نے پہلے 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔

ظہیر عباس چوہدری نے کہا کہ ہم نے عدالت سے استدعا کی کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مصروفیات ہیں، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ کی ہم نے مخالفت کی، دونوں کی گرفتاری قانون کے منافی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ فاضل عدالت میں ہماری درخواست ضمانت پہلے ہی زیر سماعت ہے۔

نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب نے پاکستان تحریکِ انصاف کے بانیٔ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتار کیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں منظور کر کے 7، 7 سال کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے دونوں کو کیس سے بری کرنے کا حکم دیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید