• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

کراچی میں امام حسین رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی قربانی کی یاد میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادار پر اختتام پذیر ہوا۔

مجلس میں علامہ شہنشاہ نقوی نے نواسہ رسول ﷺ کی عظیم قربانیوں پر روشنی ڈالی، جلوس کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے، شہر میں موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل رہی۔

حضرت امام حسین رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ اور ساتھیوں کی لازوال قربانی کو یاد کرتے ہوئے 9 محرم الحرام کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں منعقدکی گئی۔ مجلس سے علامہ شہنشاہ نقوی نے خطاب کیا، اور نواسہ رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی عظیم قربانی اور تعلیمات پر روشنی ڈالی۔

مجلس کے بعد پاک حیدری اسکاؤٹ کی قیادت میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جلوس کے شرکاء نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور لاپتا افراد کی بازیابی کےلئے احتجاج بھی کیا۔

شرکاء نے امام بارگاہ علی رضا پر نماز ظہرین ادا کی، جلوس کے شرکاء نوحہ خوانی کرتے رہے۔

جلوس کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، ایم اے جناح روڈ کے اطراف کی تمام گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا ہے، راستے میں آنے والی تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بھی سیل کئے گئے۔ جلوس کے روٹ کو سوئپنگ اور سراغ رساں کتوں کے ذریعے کلیئر کیا گیا۔ 

جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

قومی خبریں سے مزید