کراچی میں ان دنوں مون سون کے موسم میں بارش کے بجائے معمول سے زائد گرمی پڑ رہی ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق گزشتہ چند ماہ سے بحیرہ عرب کا سطح سمندر کا درجہ حرارت معمول سے زائد رہ رہا ہے جس کے باعث بخارات معمول سے زائد فضا میں شامل ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ شہر میں شمال مشرق سے نم آلود ہوائیں بھی چل رہی ہیں، نم آلود ہوائیں اور بحیرہ عرب سے آنے والی نمی کی وجہ سے گرمی کی شدت 55 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کررہی ہے۔
جواد میمن کا کہنا ہے کہ ایران کے قریب غیر معمولی طور پر ہوا کا زائد دباؤ موجود ہے، ہوا کا زائد دباؤ مون سون ہواؤں کو کراچی، ٹھٹہ اور بدین تک معمول کے مطابق پہنچنے نہیں دے رہا۔
موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ ہوا کا زائد دباؤ ایک سے2 دن میں کم ہونے کا امکان ہے، 19 سے 21 جولائی کے دوران کراچی میں ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ 22 جولائی کے بعد سمندری ہوائیں معمول کے مطابق چلنے کا امکان ہے جبکہ اگست میں کراچی میں مون سون کا اچھا اسپیل متوقع ہے۔