جاوید عالم اوڈھو کو کراچی پولیس چیف تعینات کر دیا گیا۔
کراچی سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی پولیس چیف کا اضافی جارچ ایڈیشنل آئی جی عمران یعقوب منہاس کے پاس تھا۔
جاوید عالم اوڈھو اس سے قبل بھی کراچی پولیس چیف کے عہدے پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔
جاوید عالم اوڈھو نے 6 نومبر 1994 کو پولیس فورس جوائن کی اور تقریباً 4 سال وفاق کے ماتحت ذمے داریاں نبھانے کے بعد 1998 میں ان کی خدمات سندھ حکومت کے حوالے کردی گئی تھیں۔
کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، بدین، گھوٹکی اور دیگر شہروں میں بطور ایس ایس پی اور بطور ڈی آئی جی تعینات رہے۔
کراچی میں ڈی آئی جی ویسٹ اور ڈی آئی جی ساؤتھ جیسی اہم پوسٹوں پر بھی فرائض انجام دیے۔
سندھ کے علاوہ وفاق اور بلوچستان میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ 2000ء میں اقوام متحدہ کے امن مشن پر کوسوو بھی گئے تھے۔
جاوید عالم اوڈھو 3 مارچ 2022 سے 5 ستمبر 2023 تک کراچی پولیس چیف رہ چکے ہیں اور تقریباً 10 ماہ کے وقفے کے بعد ایک بار پھر کراچی پولیس کے سربراہ کی ذمے داری نبھائیں گے۔