• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا کسی قیدی کے ساتھ سیاسی معاملات پر مشاورت ہوسکتی ہے؟ جسٹس کیانی کا استفسار

فائل فوٹوز
فائل فوٹوز

جسٹس کیانی نے اڈیالا جیل میں بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کی درخواستوں پر سماعت کے دوران استفسار کیا کہ کیا الیکشن ایکٹ کے مطابق کوئی سزا یافتہ شخص پارٹی عہدہ رکھ سکتاہے؟ کیا کسی قیدی کے ساتھ سیاسی معاملات پر مشاورت ہوسکتی ہے؟

اسلام آباد ہائی کورٹ میں مخصوص نشستوں سے متعلق اڈیالا جیل میں بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی۔

اسدقیصر، لال چند ملہی کی اڈیالاجیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے درخواستوں پراعتراضات دور کر لیے گئے۔

عدالت نے درخواست پر اعتراضات دور کرکے کیس دوبارہ مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

وکیل اسد قیصر نے عدالت میں کہا کہ سپریم کورٹ نے سیاسی رہنماؤں کو ملاقات کی اجازت دی ہے جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ آپ کو پھرسپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کرنی چاہیے تھی۔

جسٹس کیانی نے استفسار کیا کہ کیا الیکشن ایکٹ کے مطابق کوئی سزا یافتہ شخص پارٹی عہدہ رکھ سکتاہے؟ کیا کسی قیدی کے ساتھ سیاسی معاملات پر مشاورت ہوسکتی ہے، اس وقت پارٹی چیئرمین کون ہے؟ کیا وہ جیل میں ہیں؟

عتیق الرحمان ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ اس وقت پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹرگوہر ہیں اور وہ جیل میں نہیں ہیں، جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ آپ کے چیئرمین جیل میں نہیں ہیں تو پھر ایک قیدی سے کیوں ملنا ہے، یہ درخواست تو بیرسٹر گوہر نے فائل کرنی تھی ناں، قیدی قیدی ہوتا ہے۔

وکیل نے کہا کہ میرے موکل لال چندملہی اقلیتی ونگ کے صدر ہیں،ان کی بانی سے ملاقات ضروری ہے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ جس سے آپ نے ملنا ہے وہ تو اس وقت نیب کسٹڈی میں ہے۔

وکیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جسمانی ریمانڈ پر ہیں 22 جولائی تک، اس لیے مشاورت نہیں ہورہی۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ بحیثیت اقلیتی ونگ صدر میری ٹکٹوں کی تقسیم سےمتعلق ملاقات ضروری ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اسد قیصر کا بھی اقلیتی ونگ سے تعلق ہے؟

وکیل درخواستگزار نے کہا کہ نہیں اسدقیصر کا تعلق اقلیت سے نہیں مگر وہ مرکزی رہنما ہیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ ایسے  توپھر پورے پاکستان کو اجازت دے دیتےہیں کہ سب جائیں اور مل لیں۔

قومی خبریں سے مزید