کراچی کے علاقے ڈیفنس میں محکمہ ریوینیو میں تعینات خاتون ڈی سی پر فائرنگ کا ملزم پولیس کی حراست سے فرار ہوگیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم بلال صدیقی کو عدالت سے پیشی کے بعد جیل منتقل کیا جا رہا تھا کہ فرار ہوگیا، ملزم کی ڈیفنس میں 16 جولائی کو اپنے ہی پارلر میں خاتون ڈی سی سے تلخ کلامی ہوئی تھی۔
اس دوران ملزم کی فائرنگ سے خاتون ڈی سی کا سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا تھا، ملزم کے خلاف درخشاں تھانے میں اقدام قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج ہے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ضلع جنوبی اسد رضا کا کہنا ہے کہ ملزم تفتیشی ٹیم کی حراست سے فرار ہوا ہے، ملوث اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جا رہی ہے، ملزم کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔