کراچی(اسٹاف ر پو رٹر ) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اعلان کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے جاری حالیہ قتل عام کے خلاف پاکستانی قوم جمعہ 15جولائی کو ملک گیر احتجاج کرے گی ،31جولائی کو لاہور سے واہگہ بارڈر کی جانب آزادی مارچ ہوگا ۔پاکستانی حکمرانوں کے دوغلے پن کی وجہ سے کشمیر کی جدودجہد آزادی کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔حکمران بھارت سے دوستی اور تجارت کے لیے کشمیری عوام کی جدوجہد کو سبوتاژ کررہے ہیں۔ کشمیر کے شہداء کے خون سے بے وفائی اور غداری کرنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی ، عالمی برادری نے کشمیر میں ہونے والے قتل عام کورکوانے کی کوئی کوشش نہیں کی ،مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کی وجہ سے اقوام متحدہ بدنام ہوچکی ہے ۔وزیر اعظم نواز شریف اور جنرل راحیل شریف اس موقع پر تماشائی نہ بنیں ،فیصلہ کن لمحہ آپہنچا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز نیو ایم اے جناح روڈ بالمقابل اسلامیہ کالج جماعت اسلامی کراچی کے تحت ’’کشمیر میں بھارتی دہشت گردی اور ابھرتا ہوا جذبہ جہاد ‘‘کے موضوع پر یکجہتی کشمیر کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس سے امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی ،نائب امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی ،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن ،امیر جماعۃ الدعوہ کراچی ڈاکٹر مزمل ہاشمی ،جماعت اسلامی منارٹی ونگ کے صدر یونس سوہن ایڈوکیٹ ،نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ا س موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم وریاستی دہشت گردی اور کشمیری مسلمانوں کی قر بانیوں کے حوالے سے حزب المجاہدین کے کمانڈرسید صلاح الدین کا ویڈیو پیغام دکھایا گیا اور جدوجہد آزادیٔ کشمیر کے سلسلے میں نظمیں اور ترانے بھی پیش کیے گئے ۔اور نوجوانوں نے پرجوش نعرے لگائے ،اسٹیج کے پیچھے ایک بڑا بینر لگایا گیا تھا جس میں بھارتی مظالم کے مناظر اور برہان مظفر وانی شہید کی بڑی تصویر نمایاں تھی۔