لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ حکمران پاناما لیکس کو بھی میگا اسکینڈلز اور اصغر خان کیس کی طرح داخل دفتر کرنا چاہتے ہیں ،پاکستان کو خواہشات کے مطابق چلایا جا رہا ہے،31جولائی کے بعد حکمرانوں کی الٹی گنتی شروع ہو جائیگی،کرپشن کنگز کی رخصتی کی خبروں سے مردہ سٹاک مارکیٹ میں بھی جان پڑ گئی،مارکیٹ انڈیکس گذشتہ 3سال کی بلند ترین سطح پر آ گیا ،پانامہ لیکس اور سانحہ ماڈل ٹائون کے فیصلوں سے 19کروڑ عوام کو خزانے کے ڈاکوئوں اور انسانیت کے قاتلوں سے نجات ملے گی ۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران سے گفتگو کر رہے تھے ۔سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ 31جولائی کے بعد حکمرانوں کی الٹی گنتی شروع ہو جائے گی ۔پاکستان کو آئین نہیں خواہشات کے مطابق چلایا جا رہا ہے ایک خاندان 30سال سے بنیادی انسانی حقوق اور جمہوریت کا مذاق اڑا رہا ہے ۔پانامہ لیکس کے حقائق انکا اصل چہرہ ہیں ،اس عالمی کرپشن کا انکے پاس کوئی جواب نہیں ہے ،کوئی جواب ہوتا تو وزیر اعظم ’’قومے‘‘ میں نہ ہوتے ۔غیر فعال وزیر اعظم نے19کروڑ عوام کو بند گلی میں کھڑا کر رکھا ہے ۔ملکی سرحدوں پر حملے ہوں یامقبوضہ کشمیر کے اندر انسانیت کے خلاف درندگی وزیر اعظم مسلسل چپ اور قومے میں ہیں۔پاکستان کی سلامتی کے امور سیکرٹریوں کے سپرد کر دئے گئے مقبوضہ کشمیر میں بربریت پر وزیر اعظم کی خاموشی جلتی پر تیل گرا رہی ہے ۔