جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے میں شدید زخمی ہونے والی لبنانی صحافی نے پیرس میں اولمپک مشعل اٹھا کر وہیل چیئر پر واک کی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ایسا کام کے دوران زخمی اور ہلاک ہونے والے صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کیا گیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق فرانسیسی نیوز ایجنسی کی صحافی کرسٹینا آسی 13 اکتوبر 2023ء کو اسرائیلی گولہ باری کا نشانہ بننے والے صحافیوں کے ایک گروپ میں شامل تھیں۔
یہ گروپ اسرائیلی فوجیوں اور حزب اللہ کے ارکان کے درمیان سرحد پر فائرنگ کے تبادلے کی رپورٹنگ کر رہا تھا۔
غیرمکی میڈیا کے مطابق صحافی کرسٹینا آسی رپورٹنگ کے دوران شدید زخمی ہوئی تھیں اور ان کی دائیں ٹانگ کا کچھ حصہ کٹ گیا تھا جبکہ اس حملے میں ایک صحافی ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ فرانس کے شہر پیرس میں اولمپکس کا آغاز 26 جولائی سے ہوگا اور یہ 11 اگست تک جاری رہے گا۔