• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس سے نیک نیتی کی شرط پر امن مذاکرات کیلئے تیار ہیں: یوکرین کا چین کو جواب

فوٹو بشکریہ چینی میڈیا
فوٹو بشکریہ چینی میڈیا

یوکرین نے روس کی نیک نیتی کی شرط پر امن مذاکرات کے لیے رضامندی ظاہر کردی ہے۔

یوکرینی وزیر خارجہ دمیترو کولیبا نے چین کے شہر گوانگ ژو میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کے دوران کہا کہ یوکرین مذاکرات کے لیے تیار ہے مگرصرف اس شرط پر کہ روس نیک نیتی سے مذاکرات کرے جو کہ روس کی جانب سے فی الوقت کہیں نظر نہیں آتی۔

اس حوالے سے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں چین کی جانب سے یوکرین میں انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی بنیادوں پر مدد کی پیشکش کی گئی۔

ترجمان نے بتایا کہ ملاقات میں دیرپا تعلقات اور یوکرین کو غذائی اشیاء کی ترسیل میں اضافے پر بھی بات چیت ہوئی۔

واضح رہے کہ یوکرینی وزیر خارجہ دمیترو کولیبا 2022ء میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد پہلی مرتبہ وفد کے ہمراہ چین کا دورہ کرنے والے اعلیٰ ترین سفارت کار ہیں۔

یوکرین چاہتا ہے کہ روس کے خلاف جنگ سے متعلق دوسرا عالمی اجلاس بلایا جائے اور اس اجلاس کی صدارت کوئی جنوب (گلوبل ساؤتھ) کا ملک کرے جبکہ چین اور روس بھی اس اجلاس میں شریک ہوں۔

یوکرین کا کہنا ہےکہ وہ جنگ کے خاتمے کے لیے چین کو اہم کردار ادا کرتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہے۔

یاد رہے کہ چین اور برازیل کی جانب سے مئی میں 6 نکاتی امن منصوبے کا اجرا کرتے ہوئے بین الاقوامی امن کانفرنس بلانے کا اعلان کیا گیا تھا جس میں یوکرین اور روس بھی شریک ہوں۔


بین الاقوامی خبریں سے مزید